اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) ایکسائز دفتر کے باہر اے سی پوٹھوہار اور مجسٹریٹ آئی نائن راجہ شعیب افضل کی سرپرائز کارروائی، 9 ٹاؤٹس گرفتار
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار اور مجسٹریٹ آئی نائن راجہ شعیب افضل نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر کے باہر اچانک کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت فراہم کرنے اور اضافی رقم وصول کرنے میں ملوث 9 ٹاؤٹس کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق اے سی پوٹھوہار اور مجسٹریٹ نے عوامی شکایات موصول ہونے پر ایکسائز دفتر کے اطراف میں سرگرم ٹاؤٹس کے خلاف سرپرائز آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران 9 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار نے کہا کہ سرکاری دفاتر کے باہر شہریوں کو گمراہ کرنے، غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے اور سرکاری امور میں مداخلت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو سرکاری خدمات کے حصول کے لیے کسی ٹاؤٹ یا ایجنٹ کی ضرورت نہیں اور تمام کام مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیے جاتے ہیں۔
اے سی پوٹھوہار نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر انہیں کسی سرکاری دفتر کے باہر ٹاؤٹس، ایجنٹوں یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد نظر آئیں تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔شہریوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے سرکاری دفاتر میں شفافیت بڑھے گی اور عوام کو بلاواسطہ اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

