پاکپتن (ڈیجیٹل پوسٹ) حکومت پنجاب حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے 784ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر زائرین کو مثالی سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے
Share
پاکپتن (ڈیجیٹل پوسٹ) حکومت پنجاب حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے 784ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر زائرین کو مثالی سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس عزم کا اظہار سیکرٹری حکومت پنجاب محکمہ اوقاف و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے عرس کے انتظامی پلان کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال چدھڑ، محکمہ اوقاف، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی سرپرستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت درگاہوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عرس مبارک کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے تمام منصوبے مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے امن و امان برقرار رکھنے اور زائرین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی پلان، طبی امدادی ٹیمیں اور رش کو کنٹرول کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ زائرین کے لیے پرامن اور منظم ماحول کی فراہمی کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔
ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے سیکیورٹی پلان اور فورسز کی تعیناتی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔ ان کے مطابق ٹریفک روٹس اور درگاہ کے اطراف سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے تاکہ زائرین کی آمد و رفت میں آسانی برقرار رکھی جا سکے۔
اس سے قبل ڈاکٹر احسان بھٹہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زائرین کے لیے جامع طبی کیمپ، صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی اور سخت سیکیورٹی پروٹوکول کو یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں انہوں نے فیلڈ وزٹ کے دوران داخلی و خارجی راستوں، لائن مینجمنٹ اور سیکیورٹی بیریئرز کا معائنہ بھی کیا۔
دورے کے دوران درگاہ پر قائم نئی ’’بابا فرید فوٹوگرافک گیلری‘‘ کا افتتاح بھی کیا گیا۔ نئی بابا فرید (فوٹوگرافک) گیلری میں 16 تاریخی تصاویر اور 7 ایسی تصاویر شامل ہیں جو مزار کی بحالی سے پہلے اور بعد کے مناظر کا تقابلی جائزہ پیش کرتی ہیں۔ یہ گیلری عوام اور زائرین کو مختلف دہائیوں میں مزار، مسجد اور اردگرد کے علاقے کے ارتقاء کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گی۔ گیلری میں درگاہ کے تاریخی ورثے، ارتقائی مراحل اور روحانی تاریخ سے متعلق نایاب تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور دیگر افسران نے مزار میں قائم اس منفرد گیلری کو سراہا اور محکمہ اوقاف کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی نے ڈاکٹر احسان بھٹہ سے ملاقات کی اور درگاہ پر جاری ترقیاتی و بحالی منصوبوں کو سراہا۔ اس موقع پر روایتی دستار بندی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ سیکرٹری اوقاف نے درگاہ پر حاضری دی، چادر پوشی کی اور ملک کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ساہیوال میں درگاہ بابا محمد پناہ کمیر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری مسجد کی تعمیر اور بیرونی صحن کی توسیع کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام ہر صورت 30 جون سے قبل مکمل کیا جائے اور معیار کو منظور شدہ پی سی ون کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
دورے کے اختتام پر سیکرٹری اوقاف نے درگاہ بابا فرید کمپلیکس میں جاری توسیعی منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کا مٹیریل استعمال کیا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر ہدایت کی کہ توسیعی صحنوں میں ایسا ہیٹ ریفلیکٹو ماربل لگایا جائے جو شدید گرمی میں ننگے پاؤں چلنے والے زائرین کے لیے تکلیف کا باعث نہ بنے۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ نئی تعمیرات درگاہ کے تاریخی اور روایتی فن تعمیر سے ہم آہنگ ہوں اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔

