ہری پور (ڈیجیٹل پوسٹ) ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کا رات گئے اچانک تھانہ خانپور اور ڈی ایس پی آفس خانپور کا دورہ۔
Share
ہری پور (ڈیجیٹل پوسٹ) ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے رات گئے اچانک تھانہ خانپور اور ڈی ایس پی آفس خانپور کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے تھانہ کے مختلف شعبہ جات، حوالات، ریکارڈ، سکیورٹی انتظامات اور ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران و جوانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او ہری پور نے رات کے اوقات میں گشت اور سنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور مشکوک افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔چوری ڈکیتی کی روک تھام کے لیے مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ۔انہوں نے بذریعہ وائرلیس کنٹرول اسلام آباد جانے والے راستوں پر واقع تھانہ سرائے صالح، چوکی شاہ مقصود اور تھانہ مکھنیال کے افسران و جوانوں کو ہدایات جاری کیں کہ گشت، ناکہ بندی اور چیکنگ کے عمل کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ خانپور میں آنے والے ٹورسٹس کو ہر ممکن سہولیات اور بہترین ماحول فراہم کیا جائے، جبکہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ وارانہ انداز اپناتے ہوئے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ دوران ڈیوٹی الرٹ رہیں اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنے فرائض انجام دیں۔



