اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد کی ایس ایس پی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ سے اہم ملاقات۔
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد کی ایس ایس پی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ سے اہم ملاقات۔ ملاقات میں چائنیز نیشنلز اور سی پیک منصوبہ جات کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،جبکہ سکیورٹی انتظامات، ڈپلائمنٹ پلان، روٹس سکیورٹی، اہم تنصیبات کی نگرانی، ایمرجنسی رسپانس میکنزم اور مختلف حساس مقامات پر سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق نے ایس ایس پی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (SPU) ارسلان شاہزیب سے اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم چائنیز نیشنلز، مختلف چائنیز منصوبہ جات، سی پیک سے متعلقہ پراجیکٹس اور ان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،ایس ایس پی SPU ارسلان شاہزیب نے ڈی آئی جی سکیورٹی کو چائنیز شہریوں کی حفاظت کیلئے اٹھائے گئے خصوصی سکیورٹی انتظامات، ڈپلائمنٹ پلان، روٹس سکیورٹی، اہم تنصیبات کی نگرانی، ایمرجنسی رسپانس میکنزم اور مختلف حساس مقامات پر سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا، بریفنگ میں جدید ٹیکنالوجی، سکیورٹی سرویلنس، کوآرڈینیشن میکنزم اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس غیر ملکی شہریوں خصوصاً چائنیز باشندوں کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر، مربوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے، ڈی آئی جی سکیورٹی نے ہدایت جاری کی کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ استعداد کو مزید بہتر بنایا جائے، حساس مقامات کی مانیٹرنگ کو موثر بنایا جائے اور تمام سکیورٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ چائنیز شہریوں اور اہم ترقیاتی منصوبوں کی فول پروف سکیورٹی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔





