اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) سی ڈی اے ملازمین کے حقوق پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ چوہدری محمد یٰسین
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) سی ڈی اے ملازمین کے حقوق پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ چوہدری محمد یٰسین
ملازمین کو عیدالاؤنس نہ ملاتو احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ اورنگزیب خان
سی ڈی اے مزدور یونین کی مشاورتی کونسل کا اہم اجلاس، سی ڈی اے انتظامیہ سے ملازمین کے عیدالاؤنس سمیت دیگر مسائل حل کرنے کا مطالبہ۔
سی ڈی اے مزدور یونین کی مشاورتی کونسل کا اہم اجلاس زیرِ صدارت اورنگزیب خان منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی، سپریم ہیڈ مرزا سعید اختر، مزدور رہنما صوفی محمود علی، ملک عاصم، اظہر خان تنولی، اظہار عباسی، ملک دلشاد، چوہدری واجد گجر، چوہدری زاہد احمد سمیت سی بی اے کمیٹیوں کے نمائندگان اور سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملازمین کو درپیش مسائل، ادارے کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و غوص کیا گیا۔اجلاس میں تمام ملازمین کے لیے عید الاؤنس کی فوری منظوری، پلاٹوں کی الاٹمنٹ، سینی ٹیشن و فیلڈ اسٹاف کے اوور ٹائم، سرکاری رہائشی مکانات کی الاٹمنٹ، زیرِ التوا سمریوں کی منظوری، ہاؤس بلڈنگ اور موٹرسائیکل ایڈوانس سمیت دیگرمسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ملازمین کے دیرینہ مسائل حل نہ ہونے کے باعث ادارے کے ملازمین کے اندر بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، صدر اورنگزیب خان و دیگر عہدیداران نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ہمیشہ بلاامتیاز ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوریونین نے نہ صرف مسلم ملازمین بلکہ مسیحی ملازمین کے حقوق اور مراعات کے حصول کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کیا اور ہمیشہ برابری کی بنیاد پر تمام ملازمین کے مسائل کو اجاگر کیا۔انھوں نے کہا کہ 2006ء میں سی ڈی اے انتظامیہ اور مزدور یونین کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق تمام ملازمین کو عید الاؤنس دیا جا رہا ہے تاہم عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملازمین کو اس حق سے محروم رکھنا سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی اے یونین کے ساتھ منظور شدہ متعدد سمریاں تاحال زیرِ التوا ہیں، جبکہ ادارے میں مستقل بھرتیوں کے بجائے ایڈہاک ازم کو فروغ دیا جا رہا ہے جس سے ادارے کی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی منظور شدہ آسامیوں کو ختم کیا جا رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف سے اضافی ڈیوٹی لینے کے باوجود انہیں اوور ٹائم کی ادائیگی نہیں کی جا رہی جو ملازمین کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ ملازمین کی انتھک محنت ہی ادارے کی ترقی اور شہر کی خوبصورتی کی ضامن ہے اس لیے ملازمین کو ان کے جائز حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ چیئرمین سی ڈی اے، بورڈ ممبران اور متعلقہ انتظامیہ فوری طور پر عید الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری کریں اور ملازمین کے دیگر مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اجلاس طلب کیا جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ منتخب سی بی اے یونین کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنا ہی ادارے اور ملازمین کے مفاد میں ہے۔اجلاس کے اختتام پر سی ڈی اے مزدور یونین کے قائدین نے خبردار کیا کہ اگر ملازمین کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو مزدور یونین پورے شہر میں بھرپور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی اور اس دوران شہر کے صنعتی و انتظامی امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کی تمام تر ذمہ داری سی ڈی اے انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

