اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری محمد یاسین، سیکرٹری جنرل اسد محمود،صدر شوکت علی انجم،چئیرمین چوہدری عبدالرحمان عاصی و دیگر عہدیداران نے عالمی یومِ صحافت کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد، خودمختار اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری محمد یاسین، سیکرٹری جنرل اسد محمود،صدر شوکت علی انجم،چئیرمین چوہدری عبدالرحمان عاصی و دیگر عہدیداران نے عالمی یومِ صحافت کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد، خودمختار اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ صحافی برادری سچائی کی تلاش، عوامی مسائل کی نشاندہی اور ریاستی و سماجی اداروں کی جوابدہی یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز، جن میں پیشہ ورانہ عدم تحفظ، معاشی دباؤ اور اظہارِ رائے پر قدغنیں شامل ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک ہیں خصوصاً پیکا ایکٹ کے تحت بعض مواقع پر صحافیوں کو ہراساں کرنے اور گرفتار کیے جانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جوکہ آزادیٔ صحافت کے لیے باعثِ تشویش ہیں۔ پاکستان ورکر فیڈریشن صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی پیشہ ورانہ آزادی اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
مزدور رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں اور ایسے قوانین پر نظرِ ثانی کی جائے جو آزادیٔ اظہار کو محدود کرتے ہیں تاکہ صحافی بغیر کسی خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
اس موقع پر انھوں نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ورکر فیڈریشن محنت کش طبقے کے ساتھ ساتھ صحافی برادری کے جائز حقوق کے لیے بھی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔آخر میں انہوں نے تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور خدمات ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

