رحیم یارخان (ڈیجیٹل پوسٹ) 2 ارب سے زائد لاگت سڑک کا منصوبہ کرپشن کی نذر، چند ماہ میں تباہی—عوام کا تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ
Share
رحیم یارخان (ڈیجیٹل پوسٹ) رحیم یارخان کو خان پور اور لیاقت پور سے ملانے والی تقریباً 100 کلومیٹر طویل کوٹ سمابہ روڈ، جو 2 ارب روپے سے زائد لاگت سے تعمیر کی گئی، مبینہ طور پر کرپشن اور بدانتظامی کی بدترین مثال بن کر سامنے آ گئی ہے۔
شہریوں کے مطابق سڑک کی تعمیر میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں اور یہ اہم شاہراہ چند ہی ماہ میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ سڑک کے شولڈرز مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ متعدد مقامات پر خطرناک گڑھے بن گئے ہیں، جو حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے میں 7 ہزار PSI معیار کی ٹف ٹائلز کے بجائے غیر معیاری اور لوکل میٹریل استعمال کیا گیا۔ مزید برآں سڑک کے بیڈ کے لیے مقررہ 30/70 ریشو کو بھی نظر انداز کیا گیا اور ناقص کمپیکشن کے باعث سڑک کی بنیاد کمزور رہی۔
نکاسی آب کے لیے بنایا گیا کھالا بھی غیر معیاری میٹریل سے تیار کیا گیا جبکہ سلیپ کے کام میں بھی مبینہ طور پر کرپشن کی گئی۔ اسی طرح لائن مارکنگ میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کے باعث چند ہی دنوں میں لائنیں مٹ گئیں، جبکہ مارکنگ صرف شہری حدود تک محدود رکھی گئی۔
شہریوں کا الزام ہے کہ منصوبہ مکمل ظاہر کر کے بل پاس کرا لیے گئے اور “سب اچھا ہے” کی رپورٹ دے کر کروڑوں روپے ہڑپ کیے گئے۔
عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے محکمہ ہائی ویز اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف فوری، شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ قومی خزانے کے ضیاع اور عوام کی جانوں سے کھیلنے کا سلسلہ روکا جا سکے۔

