اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک کے ساتھ میٹنگ۔
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک کے ساتھ میٹنگ۔ آئی جی اسلام آباد نے شہر بھر میں تعمیراتی کام والے مقامات،تعلیمی اداروں اور تجارتی مراکز سمیت شاہراﺅں پر ٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیا۔انہوں نے لائسنسنگ کے نظام میں شہریوں کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرنے اور نئے اقدامات اٹھانے کے احکامات بھی جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک کے ساتھ میٹنگ کی ۔انہوں نے شہر بھر میں ٹریفک کی مجموعی صورتحال اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ، خصوصاً تعمیراتی کام والے مقامات، تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی دفاتر، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک مینجمنٹ کے امور پر غور کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی او اسلام آباد کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رش والے مقامات پر مو¿ثر اور مربوط ٹریفک مینجمنٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تجارتی مراکز، سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں میں پارکنگ کے مناسب اور منظم انتظامات کئے جائیں جبکہ رش کے اوقات میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سنگین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ٹریفک قوانین کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کے بارے میں بروقت آگاہی فراہم کی جائے اور اہم مقامات پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔آئی جی اسلام آباد نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور آئی ٹی پی ایف ایم ریڈیو کے ذریعے شہریوں تک بروقت ٹریفک ایڈوائزری، روڈ اپڈیٹس اور ضروری ہدایات مو¿ثر انداز میں پہنچائی جائیں تاکہ شہری پیشگی منصوبہ بندی کر سکیں۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی او کو ہدایت دی کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکے نظام میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کے لئے جدید اور شہری دوست اقدامات متعارف کروائے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ شہر بھر میں مو¿ثر ٹریفک مینجمنٹ، شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا اور شہریوں کو حادثات سے محفوظ بنانا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی

