کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) کراچی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے اشتراک سے میڈیکل او پی ڈی میں انٹیگریٹڈ کارڈیو میٹابولک کلینک کا افتتاح کر دی
Share
کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) کراچی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے اشتراک سے میڈیکل او پی ڈی میں انٹیگریٹڈ کارڈیو میٹابولک کلینک کا افتتاح کر دیا گیا، جسے مریضوں کو جامع اور ایک ہی جگہ پر طبی سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اس کلینک کا مقصد دل اور میٹابولک امراض جیسے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول، موٹاپا، فیٹی لیور اور امراضِ قلب کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہے۔نئے قائم کردہ کلینک میں مریضوں کا جامع معائنہ، انفرادی نوعیت کے علاج کے منصوبے، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ غذائی رہنمائی، جسمانی سرگرمی اور طویل مدتی فالو اپ کے ذریعے علاج کا تسلسل بھی یقینی بنایا جائے گا تقریب کے میزبان پروفیسر ڈاکٹر ذیشان علی جونیجو نے کہا کہ یہ اقدام کارڈیو میٹابولک خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی کی نمائندگی کرتا ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر نے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے مریضوں پر مرکوز علاج کو فروغ دینے اور غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے بوجھ سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہیں۔رجسٹرار جے ایس ایم یو ڈاکٹر اعظم خان نے اس اقدام کو جدید اور قابل رسائی طبی سہولیات کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کلینک غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے چیلنج سے نمٹنے اور جدید، مشترکہ طبی نظام کے فروغ کی واضح مثال ہے۔

