رحیم یارخان (ڈیجیٹل پوسٹ) پتنگ بازی، منشیات فروشوں اور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
Share
رحیم یارخان (ڈیجیٹل پوسٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عرفان علی سموں نے ضلع بھر میں خونی کھیل پتنگ بازی، اشتہاری مجرمان اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے احکامات جاری کر دیے۔
ڈی پی او نے تمام سرکل پولیس افسران اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ قاتل ڈور کے استعمال اور پتنگ بازی کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ کوئی بچہ یا شہری اس خطرناک عمل کی وجہ سے زخمی یا جاں بحق نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں کہیں بھی پتنگ بازی کی اطلاع ملے یا پتنگ فضا میں نظر آئے، پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے پتنگ اڑانے والوں اور اس کاروبار میں ملوث افراد کو گرفتار کرے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائے۔
مزید، ڈی پی او عرفان علی سموں نے اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی بلا امتیاز سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس متحرک ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں اس حوالے سے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

