اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) خواتین کے حقوق کے تحفظ اور قوانین پر عملدرآمد کے لیے حکومت پاکستان فوری اقدامات کرے۔ چوہدری محمد یٰسین
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) خواتین کے حقوق کے تحفظ اور قوانین پر عملدرآمد کے لیے حکومت پاکستان فوری اقدامات کرے۔ چوہدری محمد یٰسین
مزدور تحریک اور ملکی معیشت میں خواتین کاکردارناقابل فراموش ہے۔ اسدمحمود
پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سرپرستِ اعلیٰ اور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسد محمود، صدر شوکت علی انجم، چیئرمین عبدالرحمن عاصی، چوہدری محمد اشرف، محبوب اللہ، حاجی انور کمال، ثناء الحق ناصر، عبدالرزاق میمن، خادم حسین کھوسو، محمد اعظم فقیر، ہدایت اللہ خان، اشتیاق ورک، اسد الرحمن، تنزیلہ شفیق، رفعت رضی، امبر بلوچ، پروین اختر، شہناز بی بی و دیگر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مشترکہ بیان میں کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا ہمیشہ سے اہم حصہ رہی ہیں لیکن بدقسمتی سے انہیں آج تک ان کے جائز حقوق اور مراعات سے محروم رکھا گیا ہے اور انہیں مناسب مواقع فراہم نہیں کیے جا رہے۔انھوں نے کہا کہ آج بھی خواتین کی ایک بڑی تعداد غیر رسمی شعبوں میں کام کر رہی ہے جن میں گھریلو ملازمین، ہوم بیسڈ ورکرز اور زرعی ورکرز سمیت دیگر شعبے شامل ہیں مگر ان کے لیے مناسب قانون سازی نہیں کی جا رہی۔ ان خواتین کو کسی قسم کا سماجی تحفظ حاصل نہیں اور انہیں ہراسانی جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کے باوجود پاکستان کی مزدور تحریک، ملکی معیشت اور دیگر شعبوں میں خواتین نے اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ خواتین نے ہر پلیٹ فارم پر مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا ہے اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پرمزدور رہنماؤں نے حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے، انہیں بااختیار بنانے اور ترقی کے یکساں مواقع دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ غیر رسمی شعبوں میں کام کرنے والی خواتین ورکرز کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے تاکہ انہیں قانونی تحفظ حاصل ہو سکے اور وہ باوقار روزگار کے ساتھ محفوظ ماحول میں کام کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن نے ہمیشہ خواتین کے مسائل اور ان کے حل کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی ہے اور آج بھی تنظیم میں قومی اور علاقائی سطح پر خواتین کی نمایاں نمائندگی موجود ہے جس پر ہمیں فخر ہے اورہم خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی ادا کرتے رہیں گے۔

