کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) کراچی سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی میں سیکریٹری کی مجوزہ غیر قانونی ایکسٹینشن پر شدید اعتراض سامنے آیا ہے
Share
کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) کراچی سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی میں سیکریٹری کی مجوزہ غیر قانونی ایکسٹینشن پر شدید اعتراض سامنے آیا ہے۔ وائی ڈی اے کراچی کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر شہریار رضا نے اس فیصلے کو قانون، میرٹ اور پبلک ہیلتھ سیفٹی کے اصولوں کے خلاف قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر شہریار کے مطابق موجودہ سیکریٹری کے پاس حساس اور تکنیکی نوعیت کے اس عہدے کے لیے مطلوبہ تعلیم، تجربہ، اور پیشہ ورانہ قابلیت موجود نہیں۔ اس کے باوجود وہ غیر شفاف فیصلوں کی بنیاد پر مسلسل عہدے پر موجود رہی ہیں۔ڈاکٹر شہریار نے کہا کہ اتھارٹی کا کام محفوظ اور شفاف خون کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس کے باوجود گزشتہ تین برسوں میں ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس بی، اور ہیپاٹائٹس سی کے کیسز میں اضافہ ہوا۔ یہ کمزور ریگولیٹری نظام کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکریٹری کی نااہلی سے متعلق شواہد اور دستاویزات دستیاب ہیں جن میں واضح بے ضابطگیاں موجود ہیں۔ وائی ڈی اے کراچی نے پانچ مطالبات پیش کیے ہیں۔ ایک، غیر قانونی ایکسٹینشن فوری واپس لی جائے۔ دو، میرٹ پر اہل پروفیشنل کی تقرری کی جائے۔ تین، غیر قانونی تقرری پر مکمل انکوائری کی جائے۔
چار، اہل افسران کے مواقع روکنے کا عمل ختم کیا جائے۔ پانچ، صحت کے تمام اداروں میں شفاف تعیناتیاں یقینی بنائی جائیں۔ ڈاکٹر شہریار نے کہا کہ نااہل فرد کو اہم عہدے پر برقرار رکھنا پبلک ہیلتھ کے لیے خطرہ ہے۔ وائی ڈی اے شفافیت اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

