رولپنڈی (ڈیجیٹل پوسٹ) سانحہ9مئی گندے لوگوں کا کیا ہوا لعنتی پروگرام تھا، شیخ رشید احمد
Share
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 9 مئی ایک لعنتی پروگرام اور گندے لوگوں کا کیا ہوا کام تھا۔ جنرل عاصم منیر ہمارے شہر کی عزت اور عظیم سپہ سالار ہیں، ہمیں جنرل ندیم انجم پر فخر ہے، وہ ہماری آن اور شان ہیں۔ پاک فوج نے عظیم قربانیاں دی ہیں، کل بھی فوج کے ساتھ تھے آج بھی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ راول پنڈی بینچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ میرے والدین کا جنازہ لال حویلی سے اٹھا۔ تاریخی فیصلہ دینے پر جسٹس وقاص رؤف کا مشکور ہوں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہم لوگ نسلی اصلی ہیں، پنڈی کی دوستی پر فخر ہے۔ پولیس نے میرے 30 تیس ہزار روپے والے ملازمین کو اٹھا لیا تھا۔ گرفتاری مطلوب ہو تو مجھے فون کریں خود تھانے حاضر ہو جاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 17 ستمبر سے 22 اکتوبر تک کی معلومات سی پی او راولپنڈی کو پتا ہیں کہ مجھے کہاں رکھا گیا تھا۔ لیکن میرے ساتھ برا سلوک نہیں کیا گیا۔ وہ مجھے تہجد کے وقت بھی گرم پانی دیتے تھے، کون سی ٹھنڈی جگہ تھی، اللہ کو پتا ہے یا سی پی او راولپنڈی کو پتا ہے۔ چلے نے میری زندگی میں بہت تبدیلی لائی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ الیکشن ہوئے تو راولپنڈی کی دونوں نشستوں سے قلم دوات پر خود پی ڈی ایم کے خلاف الیکشن لڑوں گا۔