لاہور(ڈیجیٹل پوسٹ)وزیراعلی محسن نقوی کا وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی، افسران کے ہمراہ کرتار پور کا دورہ، درشنی ڈیوڑی پر سکھ برادری نے پرتپاک استقبال کیا، پھول پیش کئے
Share
محسن نقوی نے گوردوارہ صاحب میں تاریخی کنواں اور بابا گرونانک دیو جی سے وابستہ مختلف اشیاء دیکھیں، دعائیہ تقریب میں شرکت کی
وزیراعلیٰ کو سروپا پہنایا گیا، کرپان پیش کی گئی،دہلی سے آئی خاتون لیلتا اگر وال اوردیگر کا محسن نقوی کو دیکھ کر خوشی کااظہار،بہترین سہولتوں پر شکریہ ادا کیا
وزیراعلیٰ کا خصوصی فرد سے اظہار شفقت،لنگر ہال گئے اور سکھ برادری کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، کھانا بنانے والے افراد کواپنی جیب سے انعام بھی دیا
سکھ یاتریوں کے لئے ویزا کے حصول کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔سکھ برادری کے لئے ویزا فری انٹری کے لئے کوشاں ہیں۔ محسن نقوی
چاہتے ہیں کہ سکھ برادری بغیر کسی مشکل کے پاکستان آئے اور اپنے مقدس مقامات پر جائیں،پوری امید ہے کہ یہ وقت ضرور آئے گا اور یہ دن آنے والے ہیں
ہم محبت کرنے والے او رپرامن لوگ ہیں، آپ یہ پیغام بھارت لے کر جائیں،چاہتے ہیں کہ روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کی تعداد میں سکھ یاتری آئیں
لاہور6فروری:…… وزیراعلی پنجا ب محسن نقوی نے صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور اعلیٰ افسران کے ہمراہ کرتار پور کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کا گوردوارہ صاحب میں درشنی ڈیوڑی کے باہر سکھ برادری کی سرکردہ شخصیات نے پرتپاک استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوردوارہ صاحب کا دورہ کیا اوربابا گرونانک دیو جی سے وابستہ مختلف اشیاء دیکھیں۔ وزیراعلی محسن نقوی کو گوردوارہ صاحب کرتا رپور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوردوارہ صاحب میں دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور تاریخی کنواں بھی دیکھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سروپا پہنایا گیا اور کرپان پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی سے بھارت سے آئے سکھ برادری نے ملاقات کی۔دہلی سے آئی خاتون لیلتا اگر وال اوردیگر نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو دیکھ کر خوشی کااظہار کیا۔ لیلتا اگر وال نے کہا کہ میں آپ کو جانتی ہوں کہ آپ پنجاب کے مکھ منتری ہیں۔ آپ نے سکھ برادری کو پنجاب میں بہت سہولتیں دی ہیں جس پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔سکھ برادری نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایک خصوصی فرد کے ساتھ شفقت کااظہار کیا اوراس کے ساتھ کافی دیر گفتگو کرتے رہے۔ وزیراعلی محسن نقوی خصوصی طور پر لنگر ہال گئے اور سکھ برادری کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور کھانے کے معیار کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کھانا بنانے والے افراد کواپنی جیب سے انعام بھی دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے گوردوارہ صاحب کے انتظامات کو سراہا اور زیرو پوائنٹ کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لئے بہترین سہولیات میسر کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ہم سکھ یاتریوں کے لئے ویزا کے حصول کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔سکھ برادری کے لئے ویزا فری انٹری کے لئے کوشاں ہیں۔ چاہتے ہیں کہ سکھ برادری بغیر کسی مشکل کے پاکستان آئے اور اپنے مقدس مقامات پر جائیں،پوری امید ہے کہ یہ وقت ضرور آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ یہ دن بہت جلد آنے والے ہیں۔ ہم محبت کرنے والے او رپرامن لوگ ہیں، آپ یہ پیغام بھارت لے کر جائیں۔چاہتے ہیں کہ روزانہ کی بنیاد پرچند سو نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں سکھ یاتری گوردوارہ صاحب آئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔صوبائی وزراء، ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر، اظفر علی ناصر، بلال افضل، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر گوجرانوالہ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
٭٭٭